ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ساحلی علاقے میں بادلوں کی گرج کے ساتھ بارش - بجلی گرنے سے  دو بچوں سمیت  تین افراد زخمی 

ساحلی علاقے میں بادلوں کی گرج کے ساتھ بارش - بجلی گرنے سے  دو بچوں سمیت  تین افراد زخمی 

Tue, 17 Oct 2023 12:24:23    S.O. News Service

منگلورو ، 17 / اکتوبر (ایس او نیوز) کل شام میں ساحلی علاقے میں اچانک بادلوں کی گرج کے ساتھ جو بارش ہوئی اس میں آسمانی بجلی گرنے سے دو بچوں سمیت تین افراد زخمی ہوئے ۔
    
بتایا جاتا ہے کہ منگلورو کے مضافات وامنجور میں گوپال پجاری نامی شخص کے گھر پر بجلی گری  جس کی وجہ سے ایک خاتون اور پانچ سال کا بچہ زخمی ہوگیا ۔ انہیں علاج کے لئے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے ۔ بجلی گرنے سے گھر کا سوئچ بورڈ اور میٹر باکس تباہ ہوگیا اور گھریلو استعمال کا ساز و سامان جل گیا ۔ 
    
بجلی گرنے کا دوسرا معاملہ بیلتنگڈی تعلقہ میں پیش آیا ۔ ناڈ گرام کے اجئے نگر میں حنیف نامی شخص کے گھر پر بجلی گرنے سے دو سالہ بچہ بے ہوش ہوگیا جس کے بعد اسے نجی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے ۔ بچے کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے ۔ البتہ بجلی گرنے سے گھر کی الیکٹرک وائرنگ پوری طرح جل کر تباہ ہوگئی ہے ۔ گھر کی دیوار کو کچھ نقصان پہنچا ہے ۔
    
منگلورو، وامنجور، الال، پتور، سورتکل، بیلتنگڈی، سبرامنیا جیسے علاقوں میں بھاری برسات ہوئی ہے ۔ جبکہ اڈپی ضلع میں کارکلا، ہیبری، کاپو، اڈپی شہر، منی پال، برہماور، کنداپور اور بیندور وغیرہ میں بھاری بارش ہوئی ہے ۔ کارکلا تعلقہ کے موڈارو گرام میں بجلی گرنے کی وجہ سے ایک گھر کی دیوار اور گھریلو ساز و سامان کو نقصان پہنچا ہے ۔ 
    
بحیرہ عرب میں ہوا کا دباو کم ہونے کی وجہ سے طوفانی ہوائیں چلنے کا امکان ہونے کی وجہ سے محکمہ موسمیات کی طرف سے ماہی گیروں اور ساحلی علاقوں میں رہنے والوں کو سمندر سے دور رہنے کی تاکید کی گئی ہے ۔    


Share: